بنوں: مارٹر گولہ گرنے اور فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق

بنوں میں آج گھر پرمارٹرگولہ گرنے اور فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

پہلا واقعہ تحصیل میریان میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی مکان پر نامعلوم سمت سے آنے والا مارٹر گولہ گھرپر گرنے سے ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی۔

پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق خاتون کی میت اور زخمی بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔

دوسری جانب، بنوں ہی کے علاقے شابری بھرت تھانہ ککی کی حدود میں مبینہ طور پر خواتین کے تنازع پر فائرنگ کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون ان کے دو بیٹے اور ایک اور شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔

پولیس اور انتظامیہ کے مطابق دونوں واقعات کے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے دونوں مقامات سے شواہد اکٹھے کر کے رپورٹس درج کر لی ہیں اور واقعات کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔