تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دیدی۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور محمد حارث ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد طیب طاہر 10 رنز بنا کیچ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق سیریز میں کھاتا کھولنے میں کامیاب ہوگئے تاہم وہ بھی 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد صائم ایوب اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 49 رنز پر کریم جنت کا شکار بنے، عماد وسیم 13، افتخار احمد 31 اور شاداب خان 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئےاور اسی طرح گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمن نے دووکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نبی، فضل حق فاروقی، راشدخان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ لی۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی 21 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ رحمت گرباز نے 18، محمد نبی نے 17، کپتان راشد خان نے 16 اور عثمان غنی نے 15 رنز بنائے، ان بلے بازروں کے علاوہ دیگر کھلاڑی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکے اور پوری افغان ٹیم 19ویں اوور میں 116 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اوراس طرح پاکستان نے یہ میچ 66 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان کی ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل تھی.