تین ٹی 2 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں بغیر کسی رن پر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد حارث 15، طیب طاہر 13 اور اعظم خان ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد عماد وسیم اور کپتان شاداب نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں تاہم شاداب 32 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 بنائے، عماد وسیم 64 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔افغانستان کے فضل حق فاروقی نے 2 جبکہ نوین الحق، راشد خان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پہلی وکٹ 30 کے مجموعی اسکور پر گری اور عثمان غنی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا تاہم 44 رنز بنا کر رحمان اللہ رن آؤٹ ہوگئے۔ ابراہیم زادران بھی 38 رنز بنا کر احسان اللہ کا شکار بنے۔
نجیب اللہ زادران کی 23 اور محمد نبی کی 14 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت افغان ٹیم نے 20 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں اسے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے زمان اور احسان اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
سیریز کا آخری میچ 27 مارچ کو شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔