نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تقریبِ حلف برداری ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم سے عہدے کا حلف لیا۔
تین صوبوں (پنجاب، سندھ اور بلوچستان) کے وزرائے اعلیٰ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ایوان صدر میں موجود تھےجبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس، اعلیٰ بیوروکریٹس اور سفرا وزیراعظم سمیت سبکدوش نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف، شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئے۔
حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کا چاق وچوبند دستہ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کرے گا۔
قبل ازیں تقریبِ حلف برداری کے لیے دعوت نامے جاری کر دیے گئے تھے، وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری کے لیے وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور نگران وزیراعظم کو دعوت نامے جاری کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔انتخابی عمل میں شہباز شریف نے 201 جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔