سعودی عرب اور ایران نے پروازیں بحال کرنے اور شہریوں کو ویزا کی سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیاہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کی طرف سے پروازیں بحال کرنے اور عمرہ کے لیے ویزے جاری کرنے کا فیصلہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔
چینی وزیر خارجہ کی میزبانی میں ہونے والی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پروازیں بحال کرنے کے ساتھ ساتھ ریاض اور تہران میں سفارت خانے جبکہ جدہ اور مشہد میں کونسلیٹ بحال کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔دونوں ممالک نے سرکاری اور نجی شعبوں کے حکام کے دوروں کے ذریعے تعلقات کی دوبارہ بحالی پر بھی زور دیا۔
مشترکہ بیان میں خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے باہمی اعتماد کو بڑھانے اور تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے معاہدے کو فعال کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
چین میں ملاقات کے اختتام کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو مملکت کا دورہ کرنے اور ریاض میں دو طرفہ ملاقات کی دعوت کی تجدید کی۔
قبل ازیں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان سے ملاقات کی تھی۔
واضح رہے کہ یہ 7 سال سے زائد عرصے کے بعد دونوں ملکوں کے اعلٰی ترین سفارت کاروں کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات ہے جس میں دونوں ممالک کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔