خیبر،فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے والے گینگ کا سرغنہ گرفتار

ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں پولیس نے فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے، نازیبا تصاویر و ویڈیوز کے ذریعے کردار کشی کرنے اور رقم بٹورنے کے الزام میں ایک مبینہ گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی ایس پی لنڈی کوتل کے مطابق ملزم زاہد ولد برکت کے خلاف ایک مقامی شہری نے فیک اکاؤنٹس کے ذریعے ہراساں کرنے، بلیک میلنگ اور مالی مطالبے کی درخواست جمع کرائی تھی۔

 پولیس نے جدید تکنیکی وسائل کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزم کو سراغ لگا کر حراست میں لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم ایک منظم گینگ کا حصہ ہے جو جعلی آن لائن پروفائلز بنا کر شہریوں کی کردار کشی اور ان سے رقم بٹورنے میں ملوث رہا ہے۔

ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس گینگ سے منسلک دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔