ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن نے جنوبی وزیرستان اپر کے 280 پولیس اہلکاروں کے تبادلوں کے احکامات منسوخ کر دیے ہیں۔ اہلکاروں کے تبادلے جنوبی وزیرستان لوئر کئے گئے تھے۔
آر پی او دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 19 اگست کو جاری کیا گیا تبادلوں کا حکم نامہ فوری طور پر کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
اس اہم پیش رفت میں ایم پی اے آصف خان محسود کا کلیدی کردار رہا جنہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے خصوصی ملاقات کر کے معاملے کی حساسیت اور اہلکاروں کے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
اس سے قبل ڈی پی او جنوبی وزیرستان اپر محمد اشفاق نے آر پی او ڈیرہ کو خط لکھ کر 280 اہلکاروں کے تبادلے پر نظرثانی کی اپیل کی تھی۔
انہوں نے خط میں واضح کیا تھا کہ علاقے کی جغرافیائی صورتحال، درپیش سیکیورٹی خدشات اور روڈ گشت کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اہلکاروں کی اپر وزیرستان میں موجودگی لازمی ہے اور نفری میں کمی سے پولیس کی آپریشنل صلاحیت شدید متاثر ہوگی۔








