جنوبی وزیرستان کے اضلاع اپر اور لوئر میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے علاقے ڈبکوٹ میں پیش آیا جہاں زمین کے تنازع پر چلنے والی گولیوں کی زد میں آ کر شفیق اللہ نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ زمینی تنازع کا شاخسانہ ہے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوع سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی تلاش اور قانونی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسرا واقعہ جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل تیارزہ کےعلاقے خیسورہ (احمد گل کلے) میں پیش آیا جہاں نا معلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کی اصل وجوہات اور واقعے کی نوعیت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہےتاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔











