ٹانک: نامعلوم افراد نے بنیادی صحت مرکز کو بارودی مواد سے اڑا دیا

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم شرپسندوں نے بنیادی صحت مرکز (بی ایچ یو) کی عمارت کو بارودی مواد کے دھماکے سے اڑا دیا۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ضلع ٹانک کے علاقے شیخ سلطان میں رات تقریباً ایک بجے پیش آیا جہاں سرکاری بی ایچ یو میں نامعلوم افراد نے بارودی مواد نصب کر رکھا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور بی ایچ یو کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی۔

خوش قسمتی سے دھماکے کے وقت صحت مرکز میں کوئی عملہ یا مریض موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔