پی ٹی آئی نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشترکہ گرینڈ الائنس تشکیل دیدی

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشترکہ گرینڈ الائنس تشکیل دیدی ہے.

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی کو مشترکہ گرینڈ الائنس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

اپوزیشن کی پانچ جماعتوں پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ،بلوچستان نیشنل پارٹی،مجلس وحدت المسلمین کے رہنماؤں کا گرینڈ الائنس کے حوالے سے اجلاس ہوا.

اجلاس میں لیاقت بلوچ، محمود اچکزئی، اختر مینگل، گوہر خان اور علامہ راجہ ناصر عباس سمیت اسد قیصر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی شرکت کی.

اہم بیٹھک میں اپوزیشن اتحاد کی تشکیل سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی جبکہ کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری و اپوزشین لیڈر عمرایوب نے بھی گرینڈ الائنس کی تصدیق کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ الائنس میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے محمود اچکزئی سربراہی کریں گے اور وہ تین دن کے اندر مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کر کے الائنس میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔

پی ٹی آئی اور جے یو آئی محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ساتھ چلیں گے جبکہ الائنس میں جماعت اسلامی کو بھی بڑا عہدہ ملنے کے امکانات ہے۔