نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منتخب ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے 37ویں چیئرمین کے انتخاب کیلئےنیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے 10 ارکان نے محسن نقوی پر اگلے 3 سال کے لیے اعتماد کا اظہار کردیا۔
قائم مقام چیئرمین پی سی بی اور الیکشن کمشنر شاہ خاور محسن نقوی کے چیئرمین منتخب ہونے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں پیٹرن پی سی بی نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی طرف سے پیٹرن کے 2 نمائندے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے شامل تھے۔
دوسرے ارکان میں 4 ریجنز آزاد جموں کمشیر، لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی اور بہاولپور شامل ہیں۔ 4 محکموں پی ٹی وی، اسٹیٹ بنک، سوئی گیس اور غنی گلاس کے نمائندے بھی اس بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہیں۔
سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ بھی اس بورڈ آف گورنرز میں ہیں تاہم ان کوووٹ دینے کا حق نہیں دیا گیا۔
محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا تھا جو اس وقت نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ رمیز راجہ کی رخصتی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات نجم سیٹھی اور ذکا اشرف کی سربراہی میں قائم مینجمنٹ کمیٹیوں نے چلائے۔