ٹانک ،گومل پولیس سٹیشن پر شرپسندوں کا حملہ،ایس ایچ او زخمی

ضلع ٹانک کے تھانہ گومل پرنامعلوم شرپسندوں کی جانب سے حملے میں ا یس ایچ او شدید زخمی ہوگئے.

ٹانک پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پولیس اسٹیشن تھانہ گومل پر گذشتہ رات نامعلوم شرپسند عناصر نے چاروں اطراف سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کرکے تھانہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی جانب سے بروقت جوابی کاروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا.

فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ گومل اصغر خان وزیر گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے جنھیں علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔

وقوع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹانک افتخار علی شاہ نے فوری طور پر بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے.