جنوبی وزیرستان کے محسود اور وزیر قبائل کے مشران کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات

خان زیب محسود
جنوبی وزیرستان کے محسود اور وزیر قبائل کے مشران نے اپنے مطالبات کے حصول کیلئے اپوزیشن لیڈر عمرایوب خان اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین سےملاقات کیا ہے.

ملاقات میں محسود قبائل کے مشران نے اپریشن راہ نجات کے دوران تباہ ہونے والے مکانات کے معاوضوں میں تاخیر کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر عمرایوب خان،محمود خان اچکزئی، اسدقیصر اوراخونزدہ حسین سے اگاہ کیا.

ملاقات میں جنوبی وزیرستان اپر سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان بھی موجود تھے۔

قبائلی مشاورتی جرگہ کے سربراہ جاوید محسود نے بتایا کہ ہمارا ایک پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ ہمیں‌تباہ شدہ مکانات کے معاوضے کی رقوم فوری طور پر دی جائے.

انہوں‌نے کہا کہ گذشتہ 8 سال سے وعدہ کرکے معاوضہ نہیں دیا جارہاہےجبکہ۸۰ ہزار سے زائد معاوضے کے لیے ٹوکن جاری کیے مگر آج تک رقم نہیں دی گئی.

جرگے میں شامل احمد زئی وزیر قبائل کے مشران نے انگور اڈہ کا مسئلہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ انگور اڈہ بارڈر پر آنے جانے کیلئے پاسپورٹ اور ویزے کی شرط نے دونوں طرف آباد ایک قیبلے کے لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کرکے شناختی پر آنے جانے کی اجازت دی جائے ۔

وزیر قبیلے کے مشران نے کہاکہ انگور اڈہ میں سہولیات کا فقدان ہے، صحت کے مراکز موجود نہیں اور ناہی تعلیمی ادارے قائم کئے گئےہیں۔

قبائل سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ وہ ان مسائل کو اسمبلی میں اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کے تمام مسائل حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ،معاملہ قومی اسمبلی اور وزارت داخلہ کے سامنے رکھیں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ یہ پاکستان کے محب وطن عوام کے مستقبل کا مسئلہ ہے،حکومت کو قبائلی اضلاع کے عوام کے مطالبات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا،اگر مسائل حل نہ ہوئے تو عوام کا ریاست سے اعتماد اٹھ جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بحیثیت اسپیکر قومی اسمبلی انگور اڈا، غلام خان اور خڑلاچی بارڈرز کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اسپیشل کمیٹی تشکیل دی۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا،عوام کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے سے معاشی ترقی رکے گی بےروزگاری میں اضافہ ہوگا۔

سابق سپیکر کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کی پاکستان کے لیے قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل کا حل کرنا ہم پر فرض بھی ہے اور قرض بھی ہے،اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو سڑکوں پر آئیں گے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نےاپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے ، ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں ،

انہوں نے کہا کہ قبائلیوں نے اس ملک کیلئے لازوال قربانیاں دی ہے ، ہم اس جرگے کے تمام مطالبات سے متفق ہیں ، قبائلیوں کے حقوق کیلئے اسمبلی اور اسمبلی سے باہر جدوجہد کریں گے۔

اس موقع پر قبائلی مشاورتی جرگہ کی جانب سے اسلام آباد میں تین روزہ قبائلی جرگہ میں شرکت کی دعوت دی گئی جنھیں اپوزیشن راہنماؤں نے قبول کرلی۔