بنوں اور لکی مروت سے چار نا معلوم افراد کی لاشیں برآمد

ضلع بنوں اور لکی مروت میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تشویشناک واقعات سامنے آئے ہیں جہاں دوالگ الگ مقامات سے مجموعی طور پر چار نا معلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی اور پراسرار لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

ان واقعات کے بعد دونوں اضلاع کی پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

پہلا واقعہ بنوں میں پیش آیا جہاں سرکلر روڈ پر تھانہ میراخیل کی حدود خوجڑی کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملیں۔ مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں لاشوں کو تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو نامعلوم ملزمان نے گولی مار کر قتل کیا ہے۔ پولیس کی فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اور گولیوں کے خول اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ مقتولین کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔

دوسری جانب لکی مروت میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ رپورٹ ہوا ہےجہاں تھانہ سرائے نورنگ کی حدود میں واقع منجیوالا روڈ پر خیسور کلی نہر کے قریب سے دو مزید لاشیں ملی ہیں۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نفری نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو سرائے نورنگ ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق ان مقتولین کی موت کی وجوہات اور شناخت کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

دونوں اضلاع کی پولیس نے ان واقعات کے محرکات کا پتا لگانے اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے الگ الگ مقدمات درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں