جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل تیارزہ کے علاقے بروند کی مویشی منڈی میں دو فریقین کے مابین اچانک فائرنگ کے تبادلے میں قربانی کا جانور خریدنے کے لیے آیا ہوا ایک راہگیر نوجوان جاں بحق اور اس کا بھتیجا شدید زخمی ہو گیا۔
فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت مصطفیٰ نور کے نام سے ہوئی ہے جو ‘اوسپاس’ کا رہائشی اور صحافی حمزہ محسود کا چچا زاد بھائی تھا۔
مویشی منڈی میں خریداری کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے زخمی نوجوان کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مقتول مصطفیٰ نور کی میت ان کے آبائی گاؤں اوسپاس منتقل کر دی گئی ہے جہاں آج ہی ان کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
دوسری جانب مقامی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور فائرنگ میں ملوث فریقین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔









