خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس نے مرئی چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بڑی تعداد میں گولہ بارود اور بھاری ہتھیار برآمد کر کے 4 لیویز اہلکاروں سمیت 5 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے۔
ایس پی آپریشنز کوہاٹ زاہد خان کے مطابق ہتھیاروں اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ سرکاری پک اپ گاڑی میں غیر قانونی طور پر سمگل کی جارہی تھی۔
ایس پی آپریشنز کا بتانا تھا کہ برآمد ہتھیاروں میں راکٹ لانچر، انٹی ائیر کرافٹ گن، 18 راکٹ گولے اور 20 راکٹ شیل بوسٹرز شامل ہیں جبکہ زیر حراست افراد کے قبضے سے 13 دستی بم، 2 ایس ایم جی گن، 3000 کے قریب کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں ۔
ایس پی آپریشنز نے میڈیا کو بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں پکڑے گئے ہتھیار اور گولہ بارود تخریب کاری کے کسی منصوبے کے لیے اورکزئی سے درہ آدم خیل اسمگل کیے جارہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہتھیار اور گولہ بارود اسمگل کرنے کا مقدمہ تھانہ استرزئی میں درج کر لیا گیا ہے، اسلحے اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث لیوی خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
زاہد خان نے بتایا کہ ملزمان بشمول لیویز اہلکاروں سے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی اسمگلنگ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں، تخریب کاری سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے جن سے اہم انکشافات بھی متوقع ہیں.