سیکیورٹی خدشات ،گورنر خیبرپختونخوا کا انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط

پشاور:گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبائی انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خط میں لکھا کہ حالیہ دنوں صوبے میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے خط میں مذیدلکھا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں شمالی وزیرستان میں سرحد پر فائرنگ، کوہاٹ میں پاک فوج کی گاڑی پر حملہ، 15 مارچ کو جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ، 19 مارچ کو ضلع خیبر کی پولیس اسٹیشن پر فائرنگ، تین فوجی جوانوں کی شہادت کے بعد ڈیرہ اسمٰعیل خان میں چھاپوں کے پیش نظر پولیس اسٹیشن پر حملہ، 21 مارچ کو جنوبی وزیرستان میں فوجی دستے پر حملے میں برگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی شہادت شامل ہیں۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ چونکہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا یہ درخواست کی جاتی ہے کہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبرپختونخوا اسمبلی کے الیکشن بھی 8 اکتوبر کو کرائے جائیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 30 اپریل بروز اتوار کو پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات ملتوی کردیے تھے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے۔