چین کا شہریوں کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت

چین نے اپنے شہریوں کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے.

پاکستان میں چینی سفارت خانے نے منگل کو ایک بیان میں اپنے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ ’پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان اور شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخوا کا سفر کرنے سے گریز کریں جہاں چینی باشندوں اور منصوبوں پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سےکراچی ائیرپورٹ کے قریب دھماکے میں د و چینی شہریوں کی ہلاکت کے بعد پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ بیجنگ اس واقعے کی وجہ سے ’صدمے‘ میں ہے۔

بیان کے مطابق ’چین پاکستان کی جانب سے سکیورٹی کی خامیوں کو دور کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری اور پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کی شب کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں دو چینی شہری ہلاک جبکہ ایک چینی شہری سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔