مستونگ میں‌دھماکہ، سینیٹر حافظ حمداللہ سمیت 5 افراد زخمی

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکہ ہوا ہےجس میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما اور پی ڈی ایم کے ترجمان سینیٹر حافظ حمد اللہ سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں.

پولیس کے مطابق دھماکہ قومی شاہراہ جوتو کے مقام پر سینیٹر حافظ حمد اللہ کے گاڑی کے قریب ہوا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئے۔

جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ حافظ حمداللہ دھماکے کے نتیجے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں، تشویش کی کوئی بات نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حافظ حمداللّٰہ کے 2 ساتھی بھی دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں، دھماکا خودکش ہے یا نہیں اس سے متعلق معلومات نہیں۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ عبدالرزاق ساسولی کے مطابق مستونگ میں ہوئے دھماکے میں حافظ حمد اللّٰہ سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ حافظ حمداللّٰہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ نے یہ بھی بتایا ہے کہ حافظ حمداللہ کو مستونگ کے اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی جس کے بعد انہیں اور دیگر 2 زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔