پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی 89 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر جبکہ ثریا بی بی 87 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے بعد گنتی مکمل ہو گئی ہے ۔
نتائج کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی 89 ووٹ لے کر نئے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔
ان کے مدمقابل اپوزیشن کے احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ حاصل کیے۔
بابر سلیم خیبرپختونخوا اسمبلی کے 16 ویں اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کےثریا بی بی 87 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں ان کے مدمقابل امیدوار ارباب وسیم نے19 ووٹ حاصل کیے۔
بابر سلیم سواتی ایبٹ آباد پی کے 53 سے 35 ہزار 213 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، وہ پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار تھے اور بعدازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے۔
ثریا بی بی پی کے 1 چترال سے 18 ہزار 914 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی تھیں، وہ تحریک انصاف کی آزاد امیدوار تھیں اور بعدازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئی تھیں، وہ چترال سے پہلی بار جنرل نشست پر منتخب ہونے والی خاتون ایم پی اے ہیں۔
واضح رہے کہ ثریا بی بی خیبرپختونخوا اسمبلی کی دوسری خاتون اسپیکر ہیں، اس سے پہلے ڈاکٹر مہر تاج روغانی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر رہ چکی ہے، جس کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔