انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نمبرز کم دینےکا معاملہ، مشتعل مظاہرین کا بنوں بورڈ پر دھاوا

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں امتحانات میں طلبہ کو کم نمبر دیے جانے پر احتجاج کرنے والے مشتعل مظاہرین نے انٹرمیڈيٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔

مظاہرین عمارت کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوگئے اور شیشے اور دروازے توڑ دیے۔

13 ستمبر کو بنوں بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا جس پر طلبا نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

مظاہرین کی جانب سے طلبہ کے پرچوں کی دوبارہ جانچ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امتحانات میں طلبہ کے نمبرز توقعات سے کم لگائے گئے ہیں جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔انتظامیہ کے ساتھ مذکرات کے بعد مظاہرین فی الحال منشتر ہوگئے ہیں۔

انٹربورڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے حملے میں بورڈ کی املاک کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

دوسری جانب سرکاری اسکولوں کے ناقص نتائج اور طلبا کے احتجاج پر بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جس کا اعلامیہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے جاری کردیا ہے۔فاروق خان بنوں بورڈ کے نئے کنٹرولر امتحانات تعینات کئے گئے ہیں۔