کاٹلنگ کے پہاڑوں سےامن لشکر کے سربراہ سمیت چار افراد کی لاشیں برآمد

مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے بابوزئی کی پہاڑیوں سے چار افراد کی ذبح شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

جاں بحق افراد میں ایک مقامی نوجوان جبکہ دیگر تین کا تعلق صوبے کے مختلف اضلاع سے ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ بائیزئی کی حدود میں پیش آیا، مقامی افراد نے بابوزئی پہاڑی علاقے میں لاشیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

لاشوں کی شناخت میں مقامی مقتول کی شناخت حماد غفور ولد رحم غفور کے نام سے ہوئی، جو بابوزئی کا رہائشی اور کرش پلانٹ کا مالک تھا۔ وہ چار روز قبل نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغواء ہوا تھا۔

دیگر مقتولین میں زبیر آفریدی ولد فضل اکبر (باڑہ)، جو کہ امن لشکر کے سربراہ تھے، شفق احمد ولد زر محمد ( ہری پور)، شہاب الدین ولد محمد الدین ( دیر) شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مقتولین کو دو سے تین روز قبل قتل کر کے لاشیں پہاڑی علاقے میں پھینک دی گئی تھیں۔

ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں