بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسلح افراد نے انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اکرم حریفال نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ مستونگ کے علاقے کلی تیری میں پیش آیا جہاں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے لیویز اہلکاروں پر حملہ کیا گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں نیک محمد نامی لیویز اہلکار موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ مقصود احمد نامی لیویز اہلکار کو زخمی حالت میں نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اکرم حریفال نے کہا کہ واقعے کے اطلاع ملتے ہی نفری کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ گیا تھا، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکار پہلے ہی وقوع پر موجود تھےاور شواہد اکٹھے کر رہے تھے۔
واقعے کے بعد نواب غوث بخش میموریل ہسپتال اور سول ہسپتال مستونگ کے ساتھ ساتھ ضلع میں انسداد پولیو مہم میں مصروف ٹیموں کی حفاظت کے لیے نفری بڑھا دی گئی ہے۔