بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سول ہسپتال اور گرلز اسکول چوک پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسکول کے 5 بچوں سمیت 7 افراد جانبحق جبکہ 17 سے زائد زخمی ہو گئے۔
کمشنر قلات ڈویژن نعیم بازئی کے مطابق صبح 8 بجے کے قریب سول ہسپتال مستونگ کے قریب دھماکا ہوا، بظاہر دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا، اب تک 7 افراد کے جانبحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جس میں 5 اسکول کے بچے و بچیاں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں 17 افراد زخمی ہوئے جنہیں نواب غوث بخش میموریل ہسپتال اور سول ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے،زخمیوں میں 6 کی حالت تشویشناک ہے جنہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔
قبل ازیں پولیس نے بتایا کہ دھماکا پولیس موبائل کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور قریبی گاڑیوں اور رکشوں کو نقصان پہنچا ہے۔