شمالی وزیرستان: پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کا 538ملازمین کی تنخواہوں کی بندش کے خلاف احتجاج

شاکرخان وزیر
میرانشاہ :شمالی وزیرستان میں پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن نے 538 ہیلتھ ملازمین کی فزیکل ویری فکیشن مکمل ہونے کے باوجود تنخواہیں بحال نہ کیے جانے کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

میرانشاہ پریس کلب کے سامنے مظاہرے کےدوران خطاب کرتے ہوئے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال نے کہا کہ متعلقہ حکام کی ہدایت پر تمام ملازمین نے اپنی فزیکل ویری فکیشن کا عمل مکمل کر لیا ہے اس کے باوجود تنخواہوں کی بندش برقرار ہے جس سے ملازمین اور ان کے اہل خانہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے موقف اپنایا کہ جب شرط پوری کی جا چکی ہے تو تنخواہیں روکنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

محمد اقبال نے ضلعی انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ملازمین کے مسائل حل کر کے ان کی بند تنخواہیں بلا تاخیر بحال کی جائیں۔

انہوں نےکہاکہ اگر مطالبات جلد تسلیم نہ کیے گئے تو ایسوسی ایشن ضلع بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کا راستہ اختیار کرے گی، جس کے نتیجے میں طبی خدمات کے معطل ہونے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔