صوابی کے علاقے مانیری میں جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں چار بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ آج صبح مانیری کی حدود مولانوں بانڈہ میں پیش آیا.فائرنگ کے نتیجے میں چار بھائی ولی اللہ، سبطین، عامر اور عماد موقع پر جاں بحق ہوگئےجبکہ نوید نامی شخص زخمی ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کئے گئے ہیں۔
مقتولین کے ور ثاء کی جانب سے تاحال کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی جبکہ پولیس نے ملزمان کو پکڑنے کے لیے مختلف جہگوں پر چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔
مقامی زرائع کے مطابق مقتولین کے والد صفی اللہ کاکا اور مخالف فریق سید حسن کاکا کے مابین گزشتہ 10 سال سے دو کنال اراضی پر تنازعہ چل رہا تھا، دونوں خاندان ایک دوسرے کے خلاف عدالت چلے گئے تھے اور گزشتہ روز مقامی عدالت نے صفی اللہ کاکا کے حق میں فیصلہ سنایا تھا.
آج صبح صفی اللہ کاکا کے چاروں بیٹے مذکورہ اراضی میں کھڑے شہتوت کے ایک درخت کو کاٹ رہے تھے کہ اس دوران مخالف فریق نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چاروں بھائی جاں بحق ہوگئے۔