ملک بھر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس بحال ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر متاثر ہوگئی۔
پاکستان میں آج جہاں ایکس کی سروس تقریباً 41 گھنٹوں بعد دوبارہ بحال ہونا شروع ہوئی، اب پھر صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایکس صارفین کو ویب سائٹ ڈاؤن ہونے کے باعث رسائی حاصل نہیں۔
پاکستان میں ایکس کی سروس ڈاؤن ہونے کے حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آسکی ہے۔ مختلف شہروں کے صارفین کا کہنا ہے کہ اب ایکس تک انہیں رسائی مل رہی ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کی بندش کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
علی محمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی بندش کو آج چوتھا دن ہے، آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں بطور وکیل خود فاشسٹ حکومت کے اس آمرانہ فعل کو چیلنج کرنے جا رہا ہوں۔
علی محمد خان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی بنیادی انسانی حق ہے، جدید دور میں آمریت کے یہ پچھلی صدی کے حربے چلنے والے نہیں ، یہ آمریت قبول نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنا مسائل کا حل نہیں ، عوام کا مینڈیٹ عوام کو واپس کرنا پڑے گا، عوام تو سچ بولیں گے سچ کو سامنے آنے دو۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں ہفتے کی رات 9 بجے سے ایکس ڈاؤن ہوگیا تھاجس کی وجہ سے صارفین کو ایکس پر پوسٹ کرنے اور دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔