جنوبی وزیرستان اپر،لوئر اور ٹانک کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ

ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر ضلع جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر اور ضلع ٹانک کے مختلف علاقوں میں آج پندرہ جون کو صبح چھ بجے سے شام چھ بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اس بارہ گھنٹے کے کرفیو کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد رہے گی جبکہ تمام بازار، مارکیٹس اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رکھے جائیں گے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کرفیو کا اطلاق جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سرویکئی اور سراروغہ، جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا اور ضلع ٹانک کی سب ڈویژن جنڈولہ میں ہوگا۔

اس دوران جنوبی وزیرستان اپر میں لدھا، مکین، کوٹکئی، سپینکئی رغزئی، کانیگرم، کڑمہ، شین ورسک، چگملائی اور بروند جانے والے متعدد راستے بند رہیں گے۔

اسی طرح جنوبی وزیرستان لوئر میں وانا، تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک اور درگئی پل کے درمیان سڑکوں پر آمدورفت معطل رہے گی جبکہ ضلع ٹانک میں کوڑ قلعہ، خرگئی، جنڈولہ، گرداوی، نیلی کچ اور گومل زام ڈیم کی جانب جانے والے راستوں پر بھی سخت پابندی ہوگی۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کرفیو کے دوران صرف ہنگامی حالات میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی خصوصی اجازت سے شناختی کارڈ اور ضروری دستاویزات جمع کرا کر ہی سفر کیا جا سکے گا۔

انتظامیہ نے شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی اپنی گاڑی پچاس میٹر پہلے روک دیں اور گاڑی میں موجود تمام افراد نیچے اتر جائیں۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ان تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔