افغانستان میں خواتین کا احتجاج، غیر ملکی حکومتوں سےطالبان حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ

افغان دارالحکومت کابل میں خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے غیر ملکی حکومتوں سے طالبان حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق افغان خواتین کے ایک گروپ نے احتجاج کرتے ہوئے غیر ملکی اقوام پر اگلے ہفتے اقوام متحدہ کے سربراہی اجلاس سے قبل طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہ کرنے پر زور دیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز سے بغیر کسی تصادم کے 10 منٹ تک جاری رہنے والی احتجاجی ریلی کے دوران خواتین نے نعرے لگائے کہ ’طالبان کو تسلیم کرنا، خواتین نے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔‘

خواتین نے مارچ کے دوران دیگر نعرے بھی لگائے جن میں ’افغان عوام، طالبان کے یرغمال‘ اور ’ہم لڑیں گے، ہم مریں گے، ہم اپنا حق لیں گے‘ شامل تھے۔

واضح رہے کہ اگست 2021 میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک کسی بھی ملک نے ان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔