امریکی سیاحوں کے مرکز ہوائی شہر میں تیزی سے پھیلنے والی جنگل کی آگ سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہوگئے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماؤئی کے مغربی ساحل پر جنگل کی آگ بھڑک اٹھی جس نے سمندر کے کنارے واقع شہر لاہائنا کو تیزی سے لپیٹ میں لے لیا۔
حکام نے بتایا کہ تیز رفتار شعلوں نے بہت سے لوگوں کو وہاں سے فرار ہونے کے لیے سمندر کی طرف بھاگنے پر مجبور کیا۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے کمانڈر اجا کرکسی نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً ایک سو افراد ایسے تھے جن کو مجبوراً پانی میں جانا پڑا۔
کمانڈر اجا کرکسی نے کہا کہ علاقے میں بھیجے گئے ہیلی کاپٹروں کو دھوئیں کی وجہ سے انتہائی کم نمائش کا سامنا کرنا پڑا، لیکن کوسٹ گارڈ کا ایک جہاز 50 سے زیادہ لوگوں کو پانی سے نکالنے میں کامیاب رہا۔
حکام نے بتایا کہ 36 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جہاں تلاش جاری رہنے کے ساتھ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
میئر رچرڈ بسن نے فیس بک پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ جانوں کے ضیاع اور املاک کے تباہ ہونے کے درمیان، ہم اس ناقابل تسخیر وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ غمزدہ ہیں۔
آج کاہوئی کے مرکزی ہوائی اڈے سے باہر مزید پروازوں کے منصوبے کے ساتھ ہزاروں افراد کو ماؤئی سے نکال لیا گیا ہے۔
ہوائی کے گورنر جوش گرین بحران سے نمٹنے کے لیے ایک دورے سے جلد واپس آ رہے ہیں۔