خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک ہی سکول میں امتحانی ڈیوٹی پر مامور 6 اساتذہ سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اپر کرم کے تری منگل ہائی سکول میں مسلح افراد نے گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 5 اساتذہ اور دو مزدور جاں بحق ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں میر حسین، جواد حسین، نوید حسین، جواد علی، محمد علی اور علی حسین شامل ہیں جن کا تعلق طوری بنگش قبائل سے بتایا جارہا ہے ے۔
قبل ازیں صدر مقام پارہ چنار میں ایک چلتی گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک استاد جاں بحق ہوگئے.
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونے استاد محمد شریف کا تعلق بھی تری منگل ہائی سکول سے تھا اور وہ بھی اسی سکول ڈیوٹی کے لئے جار رہے تھے جہاں دیگر اساتذہ قتل ہوئے۔
واقعات کے بعد ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، آمد و رفت کے راستے سیکورٹی خدشات کے باعث بند کردئیے گئے جبکہ کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک امتحانات نامعلوم مدت کے لئے ملتوی کردئیے گئے.
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپر کرم اور پارہ چنار میں 8 اساتذہ کے قتل کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ علم دشمنوں کی جانب سے اساتذہ پر حملہ قابل مذمت ہے امید ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔