اپر دیر، مٹی کا تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے ضلع اپر دیر میں مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق پاتراک میں گذشتہ شب شدید بارشوں کے باعث ولی محمد نامی شخص کے گھر پر بھاری پتھر اور مٹی کا تودہ گر گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عنایت علی شاہ نے بتایا کہ مسلسل تیز بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق تودے کی زد میں آنے والا گھر مکمل طور پر منہدم ہوا جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مقامی افراد کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری رات سرچ اپریشن جاری رہااور صبح 7 بجے تک 12 افراد کی لاشیں نکالی گئی جن میں تین خواتین، دو مرد اور سات بچے شامل ہیں۔