کوئٹہ کے علاقے کچلاک بائی پاس پر نامعلوم افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں.
ترجمان وزیر اعلی بلوچستان بابر یوسفزئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کچلاک کے مغربی بائی پاس پر واقع سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھن فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایاکہ واقعہ کے بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے جاں بحق اہلکاروں کے جسد خاکی کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان وزیر اعلی بلوچستان نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔