پاکستان میں‌دو کروڑ لوگ شراب پیتے ہیں، سینیٹر مشتاق احمد خان

اسلام آباد:جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد نے شراب سے متعلق تحریک سینیٹ میں پیش کر دی۔

تحریک پر اظہار خیال کرتے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ شراب اسلام میں حرام ہے اور ہمارے ہاں اس کا استعمال بڑھ رہا ہے،قرآن حکیم میں سماج کیلئے شراب پر پابندی لگائی گئی،اقلیتوں کیلئے آزادی سے متعلق میں نے ترامیم پیش کیں، وہ ترامیم عرصہ دراز سے کمیٹی میں پڑی ہیں.

مشتاق احمد نے کہا کے اقلیتوں کو یہاں شراب کےپرمٹ جاری کئے جاتے ہیں، بدقسمتی سے یہاں شراب کے حوالے سے کوئی رپورٹ یا تفصیلات نہیں.

مشتاق احمد نے کہا کہ بہت کوشش کے بعد ایک رپورٹ ملی جو پنجاب حکومت کی ہے،پنجاب حکومت نے رپورٹ 2019,20 میں پنجاب اسمبلی میں پیش کی،رپورٹ کے مطابق پنجاب کے اندر 34 کروڑ روپے کی ایکسائز ڈیوٹی اکھٹی کی گئی.

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر 2کروڑ لوگ شراب پیتے ہیں، بائیس کروڑ میں سے دو کروڑ لوگوں کا شراب پینا تشویشناک ہے،ملک کے اندر غیر قانونی طور پر بڑے پیمانے پر شراب فروخت ہو رہی ہے،ملک میں شراب کی فروخت میں ادارے اور افراد ملوث ہیں،کسٹم ،کوسٹ گارڈ اور ایف سی کی وجہ سے شراب اسمگلنگ ہو رہی ہے، شراب بیچنے والوں استعمال کرنے والوں کی تفصیلات کون دے گا۔

سینیٹر دنیش کمار نےشراب سے متعلق تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے نام پر شراب کی اجازت تو اقلیتوں کا مذہب بھی نہیں دیتا ، اشرافیہ شراب جیسے نشوں میں ملوث ہے،انہوں نے کہا کہ ایوان کے بھی کچھ لوگ شراب پیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قانون نہیں تو پھر سب کو اجازت دے دی جائے۔