ترکیہ شام زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر گئی

ترکیہ اور شام میں آنے والے بدترین زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 45 ہزار سے زائد ہوچکی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ترکیہ میں 2 لاکھ 64 ہزار گھر تباہ ہوئے ہیں اور کئی افراد لاپتا ہیں۔

خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ اور شام میں بدترین زلزلے کو 11 دن گزر چکے ہیں اور گزشتہ روز مزید 3 افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ترکیہ میں اب تک 39 ہزار 672 اور شام میں 5 ہزار 800 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور شام میں کئی دنوں سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔

دنیا بھر میں جمعے کو ترکیہ اور شام میں زلزلے سےجاں بحق افراد کی غائبانہ نماز ادا کی گئی جہاں کئی افراد کی تدفین ممکن نہیں ہوپائی کیونکہ ملبے تلبے افراد کی تلاش جاری ہے۔