بلوچستان کے ضلع تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 مزدور جاں بحق جبکہ 2 مزدور شدید زخمی ہوگئے ہیں.
پولیس کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کونامعلوم افراد سیٹلائٹ ٹاؤن میں مقامی ٹھیکیدار نصیر کے زیر تعمیر گھر میں گھس گئے اور مزدورں پر فائرنگ کردی .
پولیس کے مطابق فائرنگ نتیجے میں رضوان ولد اللہ داد ،شہباز ولد ممتاز، وسیم ولد ممتاز، شفیق نامعلوم، نعیم ولد نامعلوم سکندر ولد رمضان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئےجبکہ غلام مصطفی توحید ولد جوار خان زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا ہےجبکہ علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔
ادھر نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی خان ڈومکی نےتربت میں 6 مزدوروں پر حملے اور قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس اندوہناک واقعہ پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بلوچستان کے شہر تربت میں 6 مزدوروں کو قتل کرنے کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا .