اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہےکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات نہیں ہو رہے، سرحد کو افغان حکومت کی معذرت کے بعد کھولا گیا ہے۔
میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئےخواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے عام شہریوں پر فائرنگ کی گئی جب کہ ہماری افواج نے افغانستان کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔چمن بارڈر واقعےکے بعد افغان سرحد افغانستان کی طرف سے معذرت کے بعد کھولی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید بدمزگی سے بچنے کے لیے بارڈر سکیورٹی فورسز کی کمیٹیز بنادی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چمن واقعے میں غلطی افغانستان کی فوج کی تھی ، افغانستان کے حکام نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی ہے ۔ بارڈر پر لگی باڑ کی مرمت کے دوران پہلے سرحد پار سے فائرنگ کی گئی بعد ازاں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، حملےمیں 5 سویلین شہید ہوئے جبکہ دو زخمی ہسپتال جاتے ہوئے شہید ہوئے ۔