عراق میں ایک ٹریفک حادثے میں ایرانی زائرین سمیت 18افرادجاںبحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے ہیں.
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ عراق کے شمالی صوبے صلاح الدین میں دو شہروں کو ملانے والی مصروف سڑک پر پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس پہنچ گئی تھی جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ریسکیو کیا۔
حادثے کے نتیجے میں 18افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق ایران سے ہے جبکہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایک مقامی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک کا ڈرائیور سو گیا تھا جس کی وجہ سے 18 زندگیاں ضائع ہو گئیں۔
واضح رہے کہ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں افراد عراق میں زیارت کے لیے آتے ہیں جن میں زیادہ تعداد ایران سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہوتی ہے، رواں برس بھی اب تک 2.6 ملین زائرین عراق جا چکے ہیں۔