شمالی وزیرستان میں کھلونا بم دھماکہ،دو بچے شدید زخمی

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں کھلونا بم کے دھماکے میں دو بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈانڈے درپہ خیل کے علاقےنورخان ٹیوب ویل میں دو بچے کھلونا بم شکار ہوگئے۔

بچوں کو ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد شدید زخمی حالت میں خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں منتقل کردیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک بچے کی شناخت وسیم اللہ ولد زردل خان جبکہ دوسرے کی شناخت عمرخطاب ولد شاکراللہ کے نام سے ہوئی ہے۔دونوں کی عمریں 13 سے پندرہ سال کےدرمیان بتائی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ قبائلی اضلاع خصوصا شمالی اور جنوبی وزیرستان میں لینڈ مائن دھماکوں کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔دھماکوں سے زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی ہوتی ہے۔ 18 جون 2023 کو ڈنڈے درپہ خیل علاقے میں ایک لینڈ مائن دھماکے میں ایک نوجوان دونوں ہاتھوں سے محروم ہوگیا تھا ۔