اسلام آباد ہائی کورٹ نےتوشہ خانہ ریفرنس میں مقامی عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کرنے کی درخواست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو مہلت دیتے ہوئے 13 مارچ کو سیشن عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے محفوظ سنایا.
توشہ خانہ کیس میں عمران خان نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جہاں ان کے وکلا کی جانب سے پیشی کے لیے 4 ہفتوں کا وقت دینے کی استدعا کی تھی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے گرفتاری کے وارنٹ 13 مارچ تک معطل کردیے۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ظفر اقبال نے 28 فروری کو عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ 7 مارچ تک عمران خان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائےجس کے خلاف گزشتہ روز (6 مارچ کو) عمران خان نے اپنے وکلا قیصر امام، بیرسٹر گوہر اور علی بخاری کے توسط سے سیشن عدالت میں درخواست دائر کر کے وارنٹ منسوخ کر نے کی استدعا کی تھی۔
تاہم عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اس استدعا کو مسترد کردیا تھا۔ ’ چنانچہ آج سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل علی بخاری ایڈوکیٹ کےتوسط سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور اسے آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی۔