گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے صوبے میں عام انتخابات کے لیے 28 مئی کی تاریخ دے دی۔
چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نےشرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر نے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر کمیشن کو بریفنگ دینے کے ساتھ صوبے میں 28 مئی کو پولنگ کرانے کی تجویز دی۔
اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام علی نے کہا کہ میرا کام ہے صوبے میں الیکشن کے لیے تاریخ دینا، وہ میں نے دے دی ہے، اب الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کاکام ہے، میں نے 28 مئی کو خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ امن و امان کی خراب صورتحال کا ہے، ضلع لکی مروت اور ٹانک میں پولیس پرحملے ہوئے، صوبے میں لوگوں کو مردم شماری کے حوالے سے خدشات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کے پابند ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ میں نے تاریخ دے دی ہے لیکن سیکیورٹی کے معاملات کے حوالے سے ہم سب مل کر کوشش کریں گے کیونکہ یہ ملک، صوبہ اور عوام ہمارے ہیں۔
غلام علی نے کہا کہ گزشتہ روز زمان پارک میں بیٹھے پی ٹی آئی کے 2 رہنماؤں نے مجھے کہا کہ صوبائی اور قومی اسمبلی کے الیکشن ساتھ ہونے چاہئیں، میں نے ان کو کہا کہ آپ مجھ سے یہ بات نہ کہیں، آپ مجھ سے یہ بات نکلوانا چاہتے ہیں، 2 قدم اندر جائیں اور وہاں جاکر یہ بات کریں کہ یہ بات ملک کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی جماعت الیکشن کے لیے تیار نہیں ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی آج پریس کانفرنس کی، شیخ رشید نے کہا کہ ایک دن الیکشن کرائیں، آفتاب احمد شیر پاؤ نے کہا کہ ایک روز کرو، یہاں تک کہ عمران خان نے بھی کہا تھا کہ ایک دن الیکشن کرو۔
قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ’کسی بھی پیچیدگی سے بچنے‘ کے لیے صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کی تاریخ کا ’فوری طور پر‘ اعلان کریں۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کی دعوت پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت اور گورنر نے آئین کے آرٹیکل 224 (2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کے حوالے سے گفتگو کی۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر خیبرپختونخوا کو مشورہ دیا کہ وہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے فوری طور پر عام انتخابات کی تاریخ مقرر کریں۔