جنوبی وزیرستان لوئر کے معذور افراد کا اسلام آباد پریس کلب کے باہر دھرنا

جنوبی وزیرستان لوئر سے تعلق رکھنے والے معذور افراد نے مطالبات کے حق میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی دھرنا شروع کردیا ہے.

دھرنے میں 40 سے زائد معذور افراد شریک ہیں.

دھرنے کے ترجمان غیاث الدین نے نیوز کلاوڈ کو بتایا کہ انہوں نے اس سے قبل ڈی چوک پر 4 دن دھرنا دیا تھا تاہم کسی بھی حکومتی شخص نے ان کے مطالبات نہیں‌سنیں اور نا ہی ان سے ملاقات کی.

انہوں نے کہا کہ ہمارے پانچ مطالبات ہیں جن میں معذور افراد کےلئے وظیفے مقرر کئے جائیں،معذور افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ڈ کیا جائے،احساس پروگرام کے تحت ماہانہ رقم دی جائے ،سرکاری کوٹہ بحال کیا جائے اور ترقیاتی سکیموں میں حصہ دیا جائے.

دھرنے میں شامل افراد کا تعلق جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا،برمل سمیت مختلف علاقوں‌سے ہے.

معذوروں میں بوڑھے،بچے اور جوان شامل ہیں جو مختلف قسم کی معذوری کے شکار ہیں.تاحال کسی حکومتی شخصیت یا کسی نمائندے نے ان سے ملاقات نہیں کی اور نا ہی ان سےرابطہ کیا ہے.

دھرنے میں‌شامل افراد کا کہنا ہے کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک دھرنا دیں گے.