ٹانک، چھٹی پر گھر جانے والے تین ایف سی اہلکار اغوا

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں چھٹی پر گھر جانے والے تین ایف سی اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔

پولیس کے مطابق تین ایف سی اہلکار جوکہ علاقہ سرغر میں تعینات تھے چھٹی پر اپنے گھر گاڑی میں جارہے تھے انھیں تھانہ گومل کی حدود کوٹ اعظم میں نامعلوم افراد نے گاڑی سے اتار کر اغوا کرلیا۔

مغویوں میں 221 ونگ کے حوالدار امتیاز ،لانس نائیک خالد اور سپاہی شمس شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع ٹانک عبدالسلام خالد کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پولیس اور سیکورٹی اداروں نے علاقے میں اغوا کاروں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 28 جون کو نامعلوم افراد نے13 مزدوروں کو ضلع ٹانک کے گاؤں تتور سے ٹاور پر کام کے دوران اغوا کیا تھا اور اسی روز اغوا کاروں نے 9 مزدوروں کو رہا کردیا تھا اور چار کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

اس واقعے کے 20 دن بعد 7 جولائی کو اغوا کاروں نے بقیہ چاروں مزدوروں کو چھوڑ دیا تھا۔