ٹانک،بیٹنی قبیلے نے امن و امن کی بحالی کےلئے کمیٹی تشکیل دیدی

ٹانک ،امن و امان کی مخدوش صورتحال پر قابو پانے کےلئے بیٹنی قبیلے نے گرینڈ جرگہ منعقد کرتے ہوئے 30 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی.

ضلع ٹانک کے نواحٰی علاقے عمر اڈہ میں‌ منعقدہ گرینڈ جرگے میں بیٹنی قوم کے تمام علاقوں کے مشران نے شرکت کی .

جرگہ سے قوم کے سرکردہ رہنماؤں ملک پتو لالا بیٹنی، عبداللہ ننگیال، عثمان بیٹنی، انار گل بیٹنی نے خطاب کیا.

مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنی قوم کے علاقوں میں امن امان ختم ہوچکا ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں، آئے دن چوری ڈکیتی، فائرنگ اور مارٹر گولوں کی بارش نے عوام کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے.

انہوں‌نے کہاکہ ہم پرامن قوم ہیں، امن چاہتے ہیں،ہم اپنے علاقوں کو چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے ،ہمیں تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، امن کی خاطر ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں.

گرینڈ جرگہ میں مشران کی متفقہ رائے سے 30 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جو علاقے میں امن و امان کی بحالی کےلئے انتظامیہ اعلی افسران سمیت سیکیورٹی اداروں سے ملاقاتیں کریں گے.

دوسری جانب بیٹنی علاقے کے مخدوش صورتحال کو کنٹرول کرنے اور منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے.

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او )ٹانک افتخار علی شاہ نے صحافی عدنان بیٹنی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بیٹنی قوم کا جرگہ ایک اچھی روایت ہے اور قوم کے ساتھ ملکر علاقے میں امن امان برقرار رکھنے کے لئے موثر کردار ادا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ٹانک اور خصوصا بیٹنی سرکل کے مخدوش صورتحال کو کنٹرول کرنے اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لئے 400 پولیس اہلکار طلب کرلئے ہیں اور آئی جی نے منظوری بھی دے دی ہے جس کے بعد منشیات فروشوں سمیت ہر قسم کے شرپسند عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردینگے .

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عناصر جو علاقے کے لئے ناسور بن چکے ہیں انہیں پناہ دینے کی بجائے نشان دہی کریں پولیس ان کے خلاف کارروائی کرکے علاقے کو محفوظ بنائے گی.

انہوں نے مزید کہا کہ امن کی بحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، پولیس عوام کے ساتھ ملکر علاقے میں امن و امان کی بحالی، عوام کی فلاح اور پولیس نظام کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی .