سوات،مبینہ جنسی ہراسانی کے خلاف احتجاج، 16 طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا

یونیورسٹی آف سوات میں مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کے خلاف احتجاج کرنے والے 16 طالب علموں کو ایک سال کے لئے یونیورسٹی سے نکال دیا گیا۔

طلبہ زرائع کے مطابق نکالے گئے طالب علموں میں 5 کا تعلق شعبہ صحافت، 3 ٹورازم ، 7 شریعہ اینڈ لاء اور ایک کا تعلق شعبہ سی بی ایم سے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سوات یونیورسٹی میں جنسی ہراسانی کا سکینڈل سامنے آنے اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان طلبہ نے یونیورسٹی میں طالبات اور استانیوں کے حق میں اور جنسی ہراسانی کے خلاف احتجاج کیا تھاجس پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے حکم پر اسسٹنٹ رجسٹرار اکیڈمک نے انھیں ایک سال کے لئے یونیورسٹی سے نکال دیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے اس عمل پر طلبہ میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے.

طلبہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کے اس عمل کے خلاف احتجاج کے ساتھ عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔