جنوبی وزیرستان اپر،فورسز کو راشن سپلائی کرنے والا ٹھیکیدار اغواء

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل مکین میں مسلح افراد نے فورسز کو راشن اور پانی سپلائی کرنے والے ٹھکیدار کو اغواء کرلیا.

مقامی زرائع کے مطابق تحصیل مکین کے گاؤں بندخیل میں گزشتہ شب ایک درجن کے قریب مسلح افراد نے فورسز کے مورچوں اور چیک پوسٹوں کو راشن اور پانی سپلائی کرنے والے ٹھکیدار خزان گل کے گھر میں گھس کر انھیں اغوا ءکرلیا .

قبائلی رہنما ملک اے ڈی محسود نے مذکورہ واقعے پر تشویش کا اظہار ہوئی ٹی این این کو بتایا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے علاقے میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھانہ مکین میں 270 پولیس اہلکاروں سے زیادہ نفری تعینات ہے لیکن ان میں سے 25 اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ باقی ماندہ سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو تھانہ مکین پولیس حکام نےماہانہ دس ہزار روپے فی کس بھتہ لیکر ڈیوٹی سے مستثنٰی کردیا ہے۔

قبائلی رہنمانے بتایا کہ یہ سلسلہ صرف تھانہ مکین تک محدود نہیں بلکہ جنوبی وزیرستان اپر کے تمام تھانوں میں یہ کاروبار شروع ہے۔

قبائلی رہنما ملک اے ڈی محسود کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ پولیس جنوبی وزیرستان میں 4500 کی نفری میں ایک ہزار اہلکار کا ڈیوٹی کرنا اور دیگر ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو بھتے کے عوض ڈیوٹی سے مستثنی کرنے سے علاقے میں امن بحالی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب ضلعی پولیس آفیسر نے ٹی این این کو بتایا کہ تمام پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں اور کسی بھی پولیس اہلکار کو اگر ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مذید بتایا کہ پولیس چاک و چوبند ہے اور مغوی کی بازیابی کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔