نورعلی
جنوبی وزیرستان لوئر کےفارسٹ گارڈز نے اگلے جمعہ تک 24 بند تنخواہیں جاری نہ کرنے پر احتجاج اور پولیو بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے۔
ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا میں جمعہ کے روز ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئےفارسٹ گارڈز نےکہا کہ ایک طرف حالیہ کمر توڑ مہنگائی کے باعث فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں اور دوسری طرف 24 مہینوں سے تنخواہیں بند ہیں جسے جاری کرنے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں۔
ملک معراج وزیر، جلال وزیر، حاجی سرفراز اور عجب نور ڈسی خیل نےبتایا کہ محکمہ جنگلات خیبرپختونخواہ نے مذکورہ 24 مہینے سے بند تنخواہیں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن بدقسمتی سے محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام نے فارسٹ گارڈز کا فنڈ آئی پی کو منتقل کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہماری بند تنخواہیں اگلے جمعے تک جاری نہیں کئے گئے تو ناصرف پولیو مہم سے بائیکاٹ کا اعلان کرینگےبلکہ ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے.
دوسری جانب دسٹرکٹ فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او )جنوبی وزیرستان لوئر ذیشان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے تنخواہیں جاری کرنے کا مسئلہ ہے، فارسٹ گارڈز کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی بندش کا مسئلہ صرف جنوبی وزیرستان کی نہیں بلکہ پورے قبائلی اضلاع کا ہے۔