خیبرپختونخوا کے بنوں کینٹ پربم حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں.
زخمیوں میںدوکاندار اور عام شہری بھی شامل ہیں جو زوردار دھماکے کے نتیجے میںدوکانوں اور گھروں میں شیشے وغیرہ ٹوٹنے سے زخمی ہوئے ہیں.
میڈیا رپورٹس کےمطابق آج صبح عسکریت پسندوں نےبارود سے بھری گاڑی کوہاٹی روڈ پر بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائی۔
خبررساں ادارے ٹی این این کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کا اہلکار جاںبحق جبکہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں سمیت 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں.
بنوں پولیس کے ضلعی پولیس سربراہ ضیاالدین نےغیرملکی میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق دھماکہ بارود سے بھری گاڑی سے کیا گیا جس سے مکانات اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا ’شیشے ٹوٹنے سے کچھ افراد زخمی ہوگئے ہیں اور ابھی آپریشن جاری ہے۔‘
بنوں میں اس سے قبل میں بھی سکیورٹی فورسز پر حملےہوئے ہیں۔ اگست 2023 میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں کم از کم نو اہلکاروں کی جان گئی جب کہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔