سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کوئٹہ میں طالبات نے فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔
طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے فیسوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کر دیا۔
طالبات کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے سمسٹر وائز فیسوں میں بے تحاشا اضافہ کیا ہے جس میں فی سمسٹر فیس 8 ہزار سے بڑھا کر 17 ہزار کر دی گئی ہے جبکہ داخلہ فیس 30 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار کر دیا گیا ہے۔
طالبات کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے احتجاج بند کروانے کے لیے مختلف قسم کے ہتکھنڈے اور دھمکیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔
طالبات کی احتجاج کی وجہ سے آج تمام تر کلاسز تعطل کا شکار رہیں۔
دوسری جانب پروگریسیو یوتھ الائنس نے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے طالبات کے احتجاج کی غیر مشروط حمایت کردی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں پروگریسیو یوتھ الائنس نے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی اور دھمکی امیز رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اورمطالبہ کرتے ہیں کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے فیسوں میں کیے گئے اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبات کو دھمکیاں دینے والے انتظامیہ کے تمام تر اہلکاروں کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے۔