25 سے 30 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے 25 سے 30 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب جاری بیان میں کہا گیاکہ بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مرطوب ہوائیں داخل ہو رہی ہیں اور اس کے علاوہ 25 جون سے ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس موسمی نظام کے زیر اثر 24 جون کی رات سے 30 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقاات پر تیز، موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں کے علاوہ میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقاات پر تیز، موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔

بیان میں مذید کہا گیا ہے کہ اس سسٹم کے زیر اثر 26 جون کی رات سے 29 جون کے دوران بارکھان، لورالائی، سبی، نصیر آباد، قلات، خضدار، ژوب، زیارت، موسیٰ خیل، ڈی آئی خان، کرک، وزیرستان، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولنگر، پاکپتن، اوکاڑہ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمیاتی نظام کے زیر اثر سھکر اور جیکب آباد میں 27 اور 28 جون کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس سسٹم کے زیر اثر گرمی کی موجودہ لہر میں کمی کا امکان ہے جب کہ موسلا دھار بارشوں کی صورت میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا اندیشہ بھی ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور کے نشیبی علاقوں میں 26 اور 27 جون کو اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔

اس کے علاوہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے اور ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ علاقوں کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب کا بھی امکان ہے۔

بیان میں مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیش گوئی کی مدت کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔

کسانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی معاملات ترتیب دیں۔آندھی، جھکٹر، گرج چمک اور شدید بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس دوران عوام کو کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آندھی اور تیز بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔

اس میں تمام متعلقہ اداروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ الرٹ رہیں اور پیشی گوئی کی مدت کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں گرمی کی شدید لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہری دن کے گرم ترین اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں، اگر ضروری ہو تو تیز دھوپ میں سر ڈھانپ کر باہر نکلیں۔